کراچی:دہشتگردی کابڑا منصوبہ ناکام،1 دہشتگرد ہلاک،5 گرفتار

0


کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکا کارروائی کے دوران عمارت میں چھپ کر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گرد کو ہلاک، جب کہ 5 کو گرفتار کرلیا۔

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں 8 فروری بروز پیر کو علی الصبح تقریباً 4 بجے حساس ادارے کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہل کاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہا۔ دہشت گردوں کی جانب سے اہل کاروں کے ساتھ آئی بکتر بند پر دستی بموں سے حملہ بھی کیا گیا، جس سے اسے شدید نقصان پہنچا۔ دستی بموں کے حملوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔

سیکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، جب کہ 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد کی لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔ فی الحال دہشت گردوں کی شناخت سامنے نہ آسکی۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کیلئے رکشہ کو استعمال کرنا تھا، جو بارود سے بھرا ہوا تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹس ، جدید اسلحہ ، حساس دستاویزات ، مارٹر شیلز، بارودی اینٹیں اور فون سیٹ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) کے انچارج عمر شاہد کا کہنا تھا کہ دہشت گرد شاہ لطیف ٹاؤن میں دو منزلہ عمارت کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کر رہے تھے۔ عمارت کے باہر رکشہ بھی تیار کھڑا تھا، جو بارود سے بھرا تھا۔ دہشت گرد کراچی میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جس کی اطلاع حساس اداروں سے ملی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here