کراچی : پی ایس ایل 6 میں 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑی کورونا کا شکار ہوگئے ، علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں کورونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 میں 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آئے،پی سی بی کا کہنا ہے کہ تینوں کھلاڑی 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے، متاثرہ کھلاڑیوں نے بدھ کے روز منعقدہ میچز میں شرکت نہیں کی، علامات ظاہر ہونے پرگزشتہ روز دوپہر میں کورونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے۔
پی ایس ایل6 کی آرگنائزنگ کمیٹی آج ورچوئل میٹنگ کاانعقادکرےگی ، جس میں تمام ٹیموں کے مالکان اورمینجمنٹ شرکت کرے گی۔
اس سے قبل پی ایس ایل 6 میں تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی ، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد اور لوئس گریگری اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن شامل تھے۔
کورونا مثبت آنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں اور فیلڈنگ کوچ کامران خان کو دس دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا تھا
یاد رہے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔
خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا ویکسین لگوانے کی پیشکش کی ، ویکسین آج لگائی جائے گی۔
کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویکسین لگوانے یا نہ لگوانے کے فیصلے کا اختیار ہوگا، چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی ، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت کو بہت سنجیدگی سے لیتا، اسی لئے بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام افراد کو ویکسین لگوانے کی پیشکش کی۔
واضح رہے پاکستان سپرلیگ میں آج اسلام آبادیونائیٹڈاورلاہورقلندرزکےدرمیان میچ کھیلاجائےگا، یہ میچ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں شام سات بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پرٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے لئے آج ایکشن میں دکھائی دیں گے۔