لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے خواب خیالوں کے محل تعمیر ہونے سے پہلے ہی زمین بوس اور کرپٹ اپوزیشن کے خام خیالی کے گھروندے ریزہ ریزہ ہوگئے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں کے انکار سے اپوزیشن کے ارمان آنسوؤں میں بہہ گئے، اپوزیشن کے کیمپوں میں مایوسی کے گہرے سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہر ناکامی کے بعد نیا ڈرامہ رچانے کی کوشش کی، یہ ناکام لوگ سال 2023کے الیکشن میں شکست کے خوف سے متحد ہورہے ہیں کیونکہ ان کو اگلے الیکشن میں واضح شکست نظر آرہی ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، ن لیگ نے کلرکوں چپڑاسیوں کے اکاؤنٹ بھرے اور پی پی نے بھی چھابڑی فالودے والوں کے اکاؤنٹس بھرے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ ن لیگی مافیا نے مےفیئرز ایون فیلڈز جیسےاربوں کے محل بنائے جبکہ پی پی مافیا بھی پیچھے نہ رہا، سوئس بینکوں کو بھردیا اور سرےمحل بنا ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کرپٹ جماعتوں کےاقتدار میں ان کے اثاثوں کو پر لگ گئے، ملک وقوم کی تباہ حالی، بدحالی میں دونوں جماعتوں نے برابر کا حصہ ڈالا۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ کپتان عمران خان نےایک ہی گیند سے تمام مافیاز کو کلین بولڈ کردیا، اپوزیشن کو اپنی سیاست بچانے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی چالوں سے آگاہ ہیں، جواب نہلے پہ دھیلا ملے گا، اپوزیشن زور بازو آزمالے اسے ہر حال میں منہ کی کھانی پڑے گی۔