Home Pakistan Page 161

Pakistan

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا، اسکیموں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں صوبے کی مالی حالت اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مقررہ وقت تک منصوبہ تکمیل کو پہنچے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچیں گے، جلد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کروں گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت کا خودجائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی، فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ ضروری ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مالی ڈسپلن یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کردی اور مزید کہا کہ جاری اخراجات میں کمی کے لیے آؤٹ آف باکس حل سامنے لائے جائیں، فلاح عامہ کی اسکیموں کے زیادہ فنڈ مختص کرنے پر توجہ دی جائے، صوبائی حکومت عوام کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔