سینیٹ انتخابات 2021 کا شیڈول جاری

0


الیکشن کمیشن نےسینیٹ انتخابات2021 کا شیڈول جاری کردیا ہے۔سینیٹ انتخابات 3 مارچ بروزبدھ کو ہونگے۔صبح 9بجےسےشام5 بجے تک بغیرکسی وقفےکےپولنگ قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کےمطابق سینیٹ انتخابات کےلیےکاغذات نامزدگی12سے13فروری تک وصول کئےجائیں گے۔کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 15اور16فروری کو ہوگی۔

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں 17 اور 18 فروری کو دائر کی جاسکیں گی۔ اپیلوں پر الیکشن کمیشن 19 اور 20 فروری کو فیصلہ کرکے نمٹائے گا۔ 21 فروری کو امیدواروں کی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔امیدوارچاہے تو22فروری تک دستبردارہوسکتےہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کیساتھ پارٹی ٹکٹ لگانا لازمی ہوگا۔

سینیٹ انتخابات کے لیےریٹرننگ افسران اورپولنگ افسران کی تقرری کردی گئی ہے۔اسلام آبادمیں اسپیشل سیکریٹری ظفراقبال ریٹرننگ افسر ہوں گےجبکہ شمشاد خان، شاہد اقبال، آصف علی یاسین ودیگراسلام آباد کے پولنگ افسران مقرر کیےگئے۔صوبائی الیکشن کمشنراعجازانورچوہان سندھ،صوبائی الیکشن کمشنرغلام اسرار خان پنجاب، صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ خیبر پختونخوا اور صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق بلوچستان کے ریٹرننگ افسر مقرر کیے گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ 6 فروری کو سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے صدارتی آرڈیننس پر دستخط کیے تھے۔صدارتی آرڈیننس میں الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 122 میں ترمیم کی گئی ہے جبکہ آرڈیننس کو آئین کی شق 186 کے تحت سپریم کورٹ کی رائے سے مشروط کیا گیا ہے۔

آرڈیننس کےتحت بیلٹ پیپرکی پشت پرووٹر کا نام درج کرنا لازم ہوگا۔ الیکشن کمیشن کویہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ پارٹی سربراہ یا اس کےنمائندےکی درخواست پر ووٹ دکھاسکے گا۔

الیکشن کمیشن کےمطابق متوقع امیدواروں کےلیےکاغذات نامزدگی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔آزاد امیدواروں کےسوا باقی تمام امیدواروں کےلیےپارٹی ٹکٹ فراہم کرنا لازم ہوگا۔الیکشن کمیشن نےانتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ روپےمقررکی ہے۔انتخابی اخراجات کےلیےامیدوار بینک اکاؤنٹس کھلوائیں اور بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپےسےزائد رقم نہ رکھی جائے۔

ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے اجزائے ترکیبی کے لحاظ سے کل اراکین کی تعداد 104ہے۔ ایوان میں چاروں صوبوں سےکُل 23 ارکان ہیں جن میں سے 14 عمومی ارکان، 4 خواتین، 4 ٹیکنوکریٹ اور 1 اقلیتی رکن ہے۔فاٹا سے 8 عمومی ارکان سینیٹ کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد سے کُل 4 ارکان ہیں جن میں سے 2 عمومی، جب کہ ایک خاتون اور ایک ہی ٹیکنوکریٹ رکن ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here