پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 میں شامل کراچی لیگ کے آئند میچوں کے لیے پچاس فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی اوسی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایونٹ میں شامل لاہور لیگ کے میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹ کی آن لائن فروخت آج بروز جمعرات کی رات 10 بجے سے شروع ہوجائے گی۔ کرکٹ فینز ان میچز کے لیے اپنی ٹکٹیں مقررہ وقت پر www.bookme.pk سے خرید سکیں گے۔
بک می ڈاٹ پی کے نے فینز کی سہولت کے لیے ایک فون نمبر (03137786888) بھی مخصوص کررکھاہے، جہاں کوئی بھی شخص فون کال کر کے اپنا ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ اس عمل کے لیےا پنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا۔ جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔
رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ایک ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا، جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کاکہنا ہے کہ فینز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی کے بغیر یہ ایونٹ نامکمل ہے ۔ اس پس منظر میں پی سی بی این سی او سی کا مشکور ہے کہ جس نے تمام راؤنڈ میچز کے لیے 50 فیصدتک اورپلے آف اور فائنل کے لیے 100 فیصدتک تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی نےابتدائی طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں شامل کراچی لیگ کے میچز کے لیے 50 فیصد تک تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی دعوت دے رہا تاہم اس دوران ہم تماشائیوں کی جانب سے کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کرنے سمیت مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی لاہور لیگ کے میچز سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کریں گے۔
لہٰذا ایونٹ میں شامل کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹیں آج رات 10 بجے سے بک می ڈاٹ پی کے پر دستیاب ہوں گی۔وسیم خان کا کہنا ہے کہ فی الحال لاہور لیگ کے لیے 20 فیصد تماشائیوں کی ٹکٹیں ہی آن لائن دستیاب ہوں گی، جس میں اضافہ پی سی بی کے لاہور لیگ میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلے کے بعدہی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ بطور چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ تمام کرکٹ فینز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں داخل ہوتے وقت مقررہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کریں کیونکہ یہ ایس او پیز صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ اسٹیڈیم میں موجود دیگر شائقین کی صحت اور حفاظت کے لیے بھی بنائے گئے ہیں۔
تماشائیوں کے لیے این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز :
ضابطہ اخلاق:
• ماسک کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں۔ اسٹیڈیم میں داخلے اور سیٹ پر بیٹھے ہوئے اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپے رکھیں
• اسٹیڈیم میں موجود عملے سے اپنے اسٹینڈز میں داخلے کی جگہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرلیں
• کوویڈ 19 کی کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو برائے مہربانی اسٹیڈیم کا رخ مت کریں
• اگر اسٹیڈیم میں بیٹھے آپ کو کوئی بھی علامات ظاہرہوتو براہ کرم فوری طور پر وہاں موجود انتظامی عملے کو مطلع کریں
• اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے سماجی فاصلے کا مکمل خیال رکھیں اور ببل میں موجود کسی بھی فرد سے دور رہیں
• ہر وقت اپنی نشست پر موجود رہیں سوائے ریسٹ رومز یا اسٹیڈیم سے باہر نکلتے وقت وہاں موجود عملے سےمزید رہنمائی حاصل کریں
• ہاتھوں کو بار بار سینیٹائز کریں
• کھانسی یا چھینکتے وقت اپنے چہرے کو ڈھانپ لیں
حفظان صحت :
• صابن اور پانی سے 20 سیکنڈز تک ہاتھ دھویں
• ہینڈ جیل کا استعمال کریں (ستر فیصد الکوحل والی یا متبادل)
• چھینکتے یا کھانستے وقت ٹشو پیپر کا ستعمال کریں، اس کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح صاف کریں
• چہرے اور ناک کو چھونے سے گریز کریں
• اسٹیڈیم کے اندر تھوکنے پر پابندی ہے
• اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے میڈیکل ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اسٹیڈیم میں میڈیکل ماسک موجود ہوں گے