اسلام آباد : وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریاں کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، عثمان ڈار دوبارہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائےیوتھ افیئرز اور ، وقار مسعود وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو مقرر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریاں کردیں گئیں ، کابینہ ڈویژن نے تینوں نوٹی فکیشن جاری کردئیے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، عثمان ڈار دوبارہ وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائےیوتھ افیئرز مقرر کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود کا عہدہ تبدیل کر دیا گیا، وقار مسعود وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو مقرر کیا گیا ہے ، ڈاکٹر وقار مسعود اس سےقبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی ریونیو تھے۔
اس سے قبل ایوان صدر اسلام آباد میں وزیرمملکت فرخ حبیب کی تقریب حلف برداری ہوئی ، جس میں صدرمملکت عارف علوی نے فرخ حبیب سے حلف لیا تھا۔
یاد رہے چند ہفتے قبل گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ردوبدل کی تھی، جس میں شوکت ترین کو حماد اظہر کی جگہ وزارت خزانہ کی ذمہ داری سونپی گئی جب کہ فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دے کر شبلی فراز کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنایا گیا تھا ۔