کن اضافی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیمپ میں مدعو کرلیا گیا؟

0


لاہور: دورہ زمبابوے سے قبل کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ٹیسٹ کیمپ طلب کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ زمبابوے کیلئے قومی کیمپ رواں ماہ کی دس تاریخ سے لاہور میں لگے گا، اس کیمپ میں پی سی بی نے مزید چھ کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ کیمپ طلب کئے جانے والوں میں روحیل نذیر، تاج ولی، عرفان اللہ شاہ، وقاص مقصود نسیم شاہ اور ثمین گل شامل ہیں۔

اس کے علاوہ عابدعلی، اظہرعلی، فوادعالم ،عمران بٹ اور نعمان علی بھی ٹیسٹ کیمپ کاحصہ ہونگے، جبکہ ساجدخان ، سلمان علی آغا اورشاہنوازڈاھانی، تابش خان اور زاہد محمود بھی ٹیسٹ کیمپ میں شامل ہیں ،سعود شکیل کی کیمپ آمد فٹنس سے مشروط ہے۔


قومی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ گیارہ اپریل سے 20 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا، جہاں سے قومی اسکواڈ میں شامل 11 کھلاڑی اکیس اپریل کو ہرارے روانہ ہونگے۔

تربیتی کیمپ کرونا ایس او پیز کے تحت لگایا جائے گا، جہاں اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو کرونا کے دو منفی ٹیسٹ آنے پر بائیو سیکیور ماحول میں داخلے کی اجازت ملے گی، کیمپ کے شرکا کا پہلا کرونا ٹیسٹ ان کی رہائشگاہ جبکہ دوسرا ہوٹل میں لیا جائے گا۔

تربیتی کیمپ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی زیرنگرانی جاری رہے گا، جہاں ثقلین مشتاق( ہیڈ آف پلیئرز ڈویلمپنٹ )، محمد یوسف(بیٹنگ کوچ )، مشتاق احمد(اسپن باؤلنگ کوچ )، عتیق الزمان(فیلڈنگ کوچ) اور عمر رشید (فاسٹ باؤلنگ کوچ) کوچنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

پاکستان اور زمبابوے کے مابین 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 29 اپریل سے ہرارے میں ہوگا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 مئی سے شروع ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here