لاہور: جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم قذافی اسٹیڈیم میں سہ پہر تین بج کر پندرہ منٹ پر پریس کانفرنس کریں گے، جس میں جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث صرف رپورٹرز کو پریس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، پریس کانفرنس پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کے لیے ایک ساتھ اسکواڈ کا اعلان ہوگا۔
پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ تین ایک روزہ اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگا جبکہ دورہ زمبابوے میں پاکستان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
پاک جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائر کا حصہ ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے میچز دو اپریل، چار اپریل اور سات اپریل کو کھیلے جائیں گے، ٹی ٹوئنٹی میچز دس، بارہ ، چودہ اور سولہ اپریل کو ہوں گے۔جنوبی افریقہ میں ٹور مکمل کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم اگلے روز زمبابوے روانہ ہوگی۔
کووڈ کی صورتحال میں کسی ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے پی سی بی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کو بیرون ملک بھجوانےکی منصوبہ بندی کررہاہے۔