اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر دو روز کے لیے پابندی عائد کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی کی جانب سے ملک میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتہ، اتوار کے لیے پابندی لگادی گئی، ٹرانسپورٹ پیر سے جمعہ تک چلتی رہے گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ پابندی 10 تا 25 اپریل تک عائد رہے گی، مال بردار، میڈیکل، ایمرجنسی سروسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فعال رہیں گی، پابندی کے فیصلے پر 20 اپریل کو نظرثانی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 81 افراد انتقال کر گئے اور 5000 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 55605 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5020 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 81 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14778 ہو گئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 87908 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 60072 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3367 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 13058 ہو گئی ہے۔