اسلام آباد ہائی کورٹ پر دھاوے کے کیس میں وکلا کوگرفتار کیا جارہا ہےاور ڈسٹرکٹ بارکےسابق صدر ظفر کھوکھر کوبھی گرفتارکرلیاگیا۔ گرفتاروکلا کی تعداد 9ہوگئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ پر دھاوےاوروکلا کی گرفتاریاں پراسلام آباد بارکونسل آج ڈی چوک تک ریلی نکالے گی اور احتجاج کیا جائے گا۔ہفتے کی صبح ایف ایٹ کچہری میں بڑی تعداد میں وکلاء اکٹھا ہونا شروع ہو گئے۔راولپنڈی بار کے وکلابھی اسلام آباد کچہری پہنچ رہے ہیں۔
اسلام آبادہائی کورٹ نے اصل ذمہ داروں کوچھوڑکربےقصور وکلا کو پولیس کی جانب سےنشانہ بنانےپر ڈی سی اسلام آباد سے آج رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔
غیرقانونی چیمبرز گرائے جانے کے خلاف احتجاج کےنام پراسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ اور توڑ پھوڑ کرنے والے 32 وکلاء کے کیسز کی سماعت کیلئے5 بینچ تشکیل دےدیاگیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس سے جاری کاز لسٹ کے مطابق وکلاء کیخلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت 5 مختلف بینچ کریں گے۔ احسن مجید گجر سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس عامر فاروق، کلثوم رفیق سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس فیاض احمد انجم جندران، مظہر جاوید کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس غلام اعظم قمبرانی، خالد محمود کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس طارق جہانگیری، راجہ امجد سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت جسٹس بابر ستار کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ اور توڑ پھوڑ کرنے والے 32 وکلاء کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ وکلا نے پیر 8 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملہ، توڑ پھوڑ اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کو یرغمال بنایا تھا۔