اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کے پی سے 12 نشستوں کے لیے 24 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کے پی سے 12 نشستوں کے لیے 24 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، کے پی سے 7 جنرل نشستوں کے 12 امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی دو نشستوں کے لیے 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں کے لیے 5 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کے پی سے اقلیت کی ایک نشست کے لیے دو امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں، کے پی سے ہی دو آزاد امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فرحت اللہ بابر، نصر اللہ نے جنرل، ٹیکنو کریٹ نشستوں پر کاغذات جمع کروائے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق 48نشستوں پر سینیٹ الیکشن کیلئے پولنگ 3 مارچ کوہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔