کوئٹہ : ہرنائی میں کوئلہ کان حادثے میں 7 کان کن ہلاک ہوگئے ، کوئلہ کان کان پیر کی دوپہر گیس دھماکے کے بعد بیٹھ گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقہ طور غر میں حادثہ پیش آیا ، جہاں کوئلہ کی کان بیٹھ جانے کے بعد کان میں آگ بڑک اٹھی اور سات کان کن اندر پھنسے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سترہ گھنٹے بعد کوئلہ کان میں پھنسے کان کنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور سات کن کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں ، جاں بحق کان کنوں کی لا شیں جلی ہوئی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی سہیل انور کے مطابق کوئلہ کان بیٹھ جانے کے بعد آگ بھڑکنے اور زہریلی گیس کے باعث امدادی ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔
چیف مائنز انسپکٹر شفقت فیاض کے مطابق حادثے کا شکار کوئلہ کان کو سیل کردیا گیا اور کوئلہ کان حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے،، ہرنائی کے علاقے میں کوئلہ کان کان پیر کی دوپہر گیس دھماکے کے بعد بیٹھ گئی تھی۔
چیف مائنز انسپکٹر نے مزید بتایا کہ مرنے والوں میں تین کا تعلق افغانستان اور باقی بلوچستان کے ضلع پشین و ملحقہ علاقوں کے مقامی باشندے تھے۔
خیال رہے حالیہ دنوں میں بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے، اس سے قبل مارواڑ میں کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے کان میں 8 مزدور پھنس گئے تھے۔
جس کے بعد ریسکیو آپریشن میں چھ کان کن کی لاشیں جبکہ 2 کان کنوں کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا تھا، جاں بحق کان کنوں کا تعلق کوئٹہ، مسلم باغ اور چمن سے تھا۔