کولمبو: سری لنکن بورڈ نے سابق فاسٹ بولر چمندا واس کو ایک بار پھر ٹیم میں نئی ذمے داریاں تفویض کردی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے چمندا واس کو[ قومی ٹیم کا نیا بولنگ کوچ مقرر کیا ہے، انہیں آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی ڈیوڈ سکر کی جگہ یہ عہدہ دیا گیا ہے۔
جنہوں نے دو روز قبل ذاتی وجوہات کی بنا پر استفعیٰ دے دیا تھا، سکر نے سری لنکا کے بولنگ کوچ کی ذمے داری سال دو ہزار انیس میں سنبھالی تھی۔
سری لنکا کو اگلے ماہ کی تین تاریخ سے ہونے والے ویسٹ انڈیز دورے میں تین ٹی 20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچزکھیلنے ہیں، تمام میچ اینٹیگا میں شائقین کے بغیر کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق واس اس سے پہلے سری لنکا کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں فاسٹ باؤلنگ کنسلٹنٹ کوچ کے طور پر کام کرتے تھے، یہ دوسری بار ہے جب واس کو سری لنکا ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، اس سے قبل سال دوہزار سولہ میں بطور باؤلنگ کوچ آئی لینڈرز کے ساتھ کام کر چکے ہیں،
چمند واس کا کیریئر
چمندا واس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 1994 میں پاکستان کے خلاف کھیل کر کیا تھا، سری لنکا کے اسٹار کھلاڑی نے 111 ٹیسٹ میچز میں 355 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں، جےسوریا اور مرلی دھرن کے بعد ایک سو سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وہ تیسرے سری لنکن کھلاڑی تھے۔
واس اپنے ٹیسٹ کیریئر میں دو مرتبہ ایک ہی میچ میں دس دس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔
ٹیسٹ کی طرح ون ڈے کرکٹ میں بھی چمندا واس کا اب تک کا کیریئر شاندار رہا، انہوں نے 322 بین الاقوامی ون ڈے میچ کھیلے اور اس دوران 400 وکٹیں حاصل کیں۔