اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماعمرامین گنڈاپور نےالیکشن کمیشن سے نااہلی کافیصلہ چیلنج کردیا، درخواست میں الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماعمرامین گنڈاپور نے نااہلی کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، عمرامین گنڈا پور کی درخواست میں جلد سماعت اور الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر، ریجنل الیکشن کمشنر اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفافیت کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا، قانون کے مطابق شک کا فائدہ امیدوار کو ملنا چاہیے تھا، سمری انکوائری کےبغیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کامرتکب قرارنہیں دیاجاسکتا ۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈا پور کو ڈی آئی خان کے سٹی میئر کےلیے نااہل قرار دیا ، درخواست گزار کوڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور الیکشن کمیشن نےنوٹس نہیں دیا اور کسی امیدوار کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ میں سے کسی بھی حلقےکاووٹررہائشی ہونے کی ریکارڈ پر شکایت نہیں ، نااہل قرار دینے کا انتہائی تعزیری اقدام آرٹیکل 4 اور 10اےکی خلاف ورزی ہو گا۔
عمرامین گنڈاپور نے کہا کہ لگائے گئے الزامات مبہم اور عمومی نوعیت اوربغیر کسی خاص تفصیل کے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 234 کی دفعات کو غلط استعمال کیا گیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دیا تھا۔
عمر امین گنڈا پور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہل کیا گیا ، عمرامین گنڈاپورڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔