پاکستان میں چائے کی قیمت میں کمی کے لیے اہم مطالبہ

0


کراچی: پاکستان ٹی ایسوسی ایشن نے نئے بجٹ میں چائے کی درآمدات پر ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد امان پراچہ نے دیگر عہدے داران کے ساتھ پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ بجٹ میں چائے پر کسٹم ڈیوٹی 5 فی صد اور سیلز ٹیکس 7 فی صد کیا جائے۔

انھوں نے کہا پاکستان سالانہ 90 ارب روپے کی چائے درآمد کرتا ہے ، ہم چائے کی درآمد پر 17 فی صد سیلز ٹیکس، جب کہ 12 فی صد کسٹم ڈیوٹی دے رہے ہیں، چائے کی درآمد پر 5.5 فی صد اِنکم ٹیکس بھی ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا سالانہ درآمد ہونے والی 25 کروڑ کلو گرام چائے میں 50 فی صد یا 12.5 کروڑ کلوگرام چائے پاٹا، فاٹا اور آزاد کشمیر کے نام پر ٹیکس چھوٹ کے ساتھ درآمد ہو رہی ہے، یہ چائے ری ایکسپورٹ ہونے کی بجائے مقامی مارکیٹوں میں فروخت ہو رہی ہے۔

چیئرمین ٹی ایسوسی ایشن نے کہا بجٹ میں چائے پر کسٹم ڈیوٹی 5 فی صد، سیلز ٹیکس 7 فی صد کیا جائے، وودھ ہولڈنگ ٹیکس 2 فی صد، اور ایڈیشنل ڈیوٹی صفر کی جائے۔

محمدامان پراچہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ چائے کو مزدور سمیت سب پیتے ہیں، اس لیے اسے لگژری آئٹم سے نکالا جائے۔

انھوں نے کہا چائے کی قیمت میں کمی کے لیے پاٹا، فاٹا اور آزاد کشمیر کے نام پر چائے کی ٹیکس سے استثنیٰ ختم کی جائے، اور چائے کو خام مال کا درجہ دے کر اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس بھی ختم کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here