دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت پر چھائے بادل چھٹنے لگے ہیں،بھارتی بورڈ نے پاکستان ٹیم کو ویزوں کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو اجلاس میں پاکستانی ٹیم کے ویزوں کی متعلق اہم پیشرفت متوقع ہے، کیونکہ بی سی سی آئی قومی ٹیم کو بھارتی ویزوں کیلئے یقین دہانی کرانے پر راضی ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بی سی سی آئی کو پاکستانی ٹیم کے ویزوں کیلئے کلیئرنس مل گئی ہے،بی سی سی آئی رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی یقین دہانی کرائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: ویزوں سے متعلق پاکستانی بورڈ کا موقف، بھارتی سیخ پا
دوسری جانب ترجمان پی سی بی نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ہمیں آئی سی سی نے کوئی جواب نہیں دیا ہے، رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو اجلاس میں جواب کی توقع ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں احسان مانی نےآئی سی سی کو لکھےگئےخط میں پاکستانی کھلاڑیوں، آفیشلز اور صحافیوں کے ویزوں کےاجرا کی یقین دہانی مانگی تھی، اور ایسانہ ہونےکی صورت میں ایونٹ کو بھارت سے یواے ای منتقل کرنےکےمطالبے کا عندیہ دیاتھا۔