سکھر : ٹرین حادثے کے بعد سے اپ ٹریک پر معطل ٹریفک تاحال بحال نہ کی جاسکی، کئی گھنٹوں سے ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر رُکی ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جائے حادثہ پر پٹڑی سے اتری چار بوگیاں تاحال نہ ہٹائی جاسکیں، پنجاب جانے والا ٹریک بلاک ہونے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں رکی ہوئی ہیں۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تیز گام کو ڈاوٗن ٹریک سے راولپنڈی کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔
مسافر ٹرینوں کو روہڑی، اور خیرپور اسٹیشنز پر روکا گیا ہے، روکی جانے والی ٹرینوں میں خیبرمیل، قراقرم، ملت ایکسپریس شامل جبکہ گرین لائن، فرید ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس کو بھی روکا ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف اسٹیشنز پر روکی گئی مسافر گاڑیاں 6 سے 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے ٹرینوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق ہوگی، شالیمار ایکسپریس مقررہ وقت 6 بجے، ہزارہ ایکسپریس 6 بجکر 15 منٹ پر جبکہ پشاور سے خیبر میل کی 6بجکر 40 منٹ پر برآمد ہوگیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس بھی کینٹ اسٹیشن پر پہنچ چکی ہے جبکہ کراچی سے پشاور کےلیے رحمان بابا ایکسپریس 10 بجے روانہ ہوگی اور سکھر ایکسپریس آٹھ بجے کے بعد کراچی پہنچے گی۔