اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سےکرانے کیلئے آرڈیننس کی منظوری دے دی، سینیٹ انتخابات کا شیڈول آنے سے پہلے آرڈیننس جاری ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سےکرانے کے لیے وفاقی کابینہ سےمنظوری لےلی ، وفاقی کابینہ نےآرڈیننس کی منظوری سرکولیشن سمری کےذریعےدی، سینیٹ انتخابات کاشیڈول آنےسے پہلےآرڈیننس جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کاکیس سپریم کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے اور سینیٹ الیکشن کا شیڈول11 فروری کو جاری ہوگا۔
ذرائع کے مطابق 11فروری سے پہلے سپریم کورٹ سےحق میں فیصلہ آنےپرآرڈیننس جاری ہوگا، سپریم کورٹ نےاگر 11فروری تک فیصلہ دیا تو پھر اوپن بیلٹ سے الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔
یاد رہے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے حکومت نے آرڈیننس تیار کیا گیا ، آرڈیننس کا مسودہ اٹارنی جنرل خالد جاوید کی جانب سے تیار کیا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ آرڈیننس عدالتی فیصلے سے مشروط رکھا گیا ہے۔
دو دن قبل وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے اوپن بیلٹ کے سلسلے میں ایک بل قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ یہ بل سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کا ہے، بل آرٹیکل 218 تین کے مطابق ہے، بل کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا واحد مقصد یہ ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کو روکا جائے۔