کراچی، اسلام آباد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنے فیس بک پیج پر ایک نمبر جاری کیا جسے دیکھ کر اْن کے پرستار حیران رہ گئے۔وسیم اکرم نے اپنی پوسٹ میں پرستاروں کو پیغام دیا کہ وہ اگر انہیں سننا چاہتے ہیں تو اس نمبر پر کال کریں۔سوئنگ کےسلطان وسیم اکرم کا شیئر کردہ نمبر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ٹوئٹر پر شیئر کر دیا۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وسیم اکرم کا فون نمبر شیئر کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ارے واہ ،فینز کے مزے، اگر آپ وسیم اکرم سے بات کرنا
چاہتے ہیں تو کال کریں۔اگر آپ واقعی اسے وسیم اکرم کا ذاتی نمبر سمجھ رہے ہیں تو آپ غلط ہیں، یہ نمبر وسیم اکرم کی ایک تشہیری مہم کے سلسلے میں دیا گیا ہے اس نمبر پر کال کی جائے تو وسیم اکرم پہلے مہم کے حوالے سے بتاتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ہی وسیم اکرم کال کرنے والوں کو خوشخبری سناتے ہیں کہ کال کرنے والے تمام افراد میں سے ایک خوش نصیب کو موقع ملے گا کہ وہ وسیم اکرم سے ویڈیو کال کے ذریعے بات کرسکے۔دریں اثنا پاکستان کے سابق مایاناز فاسٹ بالر اور کمنٹیٹر وسیم اکرم نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے خوشی کا اظہار کیا ہے۔وسیم اکرم نے انسٹاگرام اکائونٹ پر اپنی میچ پر گفتگو اور جِم کی تصویر شیئر کی جو ان کے مداحوں کوخوب پسند آئی۔تصویر کے ساتھ وسیم اکرم نے لکھا بڑے دن اور زیادہ کام کی وجہ سے خود کو جِم جانے کے لئے راضی کرنا مشکل تھا تاہم پاکستان کی میچ میں واپسی کے لئے فائٹ نے مجھے حوصلہ دیا۔وسیم اکرم نے پاکستان ٹیم کے لئے اگلے میچ کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے