کراچی: شہر قائد میں نسلہ ٹاور طرز کے مزید 16 غیر قانونی پروجیکٹس کا انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ملیر سیکٹر 40 کے اطراف غیر قانونی پروجیکٹس کو ایک اور نوٹس جاری کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے باوجود سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے قبضے کی زمین کے پروجیکٹس کے اجازت نامے منسوخ نہیں کیے۔
ذرائع کے مطابق ملیر میں 435 تعلقہ ایئر پورٹ کے غیر قانونی پروجیکٹ کو گزشتہ سال بھی سیل کیا گیا تھا، تمام پروجیکٹس 10 سے 18 منزل کی اجازت ایس بی سی اے نے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پروجیکٹس میں تقریباً 5 ہزار سے زائد فلیٹس اور دکانیں بنائی جا رہی ہیں، غیر قانونی پروجیکٹ کی نیب کراچی میں بھی 3 سال سے تحققیات کی جا رہی ہیں، بلڈر نے کچھ فلیٹس میں رہائش بھی کرانا شروع کر دی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی غیر قانونی پروجیکٹس میں خرید و فروخت نہ کرنے کی اپیل کی ہے، انتظامیہ نے پراجیکٹس کے باہر بھی غیر قانونی ہونے اور خرید و فروخت نہ کرنے کے بینرز آویزاں کر دیے۔