اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ میثاق جمہوریت میں اوپن بیلٹ کا واضح ذکر موجود ہے، میثاق جمہوریت اصل میں اقتار بانٹنے کا معاہدہ تھا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کی باتیں لازم و ملزوم بن گئی تھیں، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کیا کرسکتے ہیں کہ جس سے ایوان کا تقدس پامال نہ ہو۔
شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن ہمیشہ متنازع رہا ہے، عمران خان اس بات کے داعی رہے کہ ملک کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن نے پہنچایا، ہماری جماعت نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے یہ بات نہیں کی کہ کس طرح سینیٹ الیکشن میں خریدو فروخت ہوتی ہے، یہ صرف آئینی نہیں بلکہ اخلاقی مسئلہ بھی ہے، ہم کوئی ایسی بات نہیں کررہے جس پر ان کو اختلاف ہوسکتا ہے، اگر ایسا نہیں تھا تو ان کے اس حق میں عدالت میں دلائل دینے چاہیے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر قوانین میں کمی ہے تو اسے دور کرنا ضرورت ہے تو نئے قوانین لانے ہیں، ہم تاریخ کے دوراہے پر کھڑے ہیں کہ ہمیں میرٹ کو فروغ دینا ہے یا پیسے کو، ہم نے بل پہلے ہی متعارف کرایا تھا، ابتدا آپ کو کرنی چاہیے تھے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ہماری جمہوریت اس لیے کمزور ہوئی کہ ذاتی مفادات کو پہلے دیکھا گیا، سیالکوٹ میں دو جانیں گئیں، یہ سیاست میں پیسے اور غنڈا گردی لانے سے ہوا، ہمیں ایسا کام کرنا ہے کہ آنے والی نسلیں پیسے کو معیار نہ بنائیں۔