کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دن کے اوقات میں گرم موسم کا سامنا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت30سے32ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کاتناسب 40 فیصد ہے جبکہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ دن کے اوقات میں شہریوں کو گرم موسم کا سامنا رہے گا۔
دوسری جانب ملک میں آج کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔