لاہور کے علاقے شالیمار میں پیش امام کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم عثمان کا تعلق مقتول کے آبائی علاقے مظفر گڑھ سے ہے۔
پولیس کے مطابق شالیمار کے علاقے میں 27 جنوری کو قتل کیے گئے پیش امام کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کو اتوار 31 جنوری کے روز گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کیا۔ ملزم سے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی اور انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش کی۔
پولیس کے مطابق قتل میں 3 افراد ملوث تھے، دیگر 2 کی تلاش جاری ہے۔ مقتول آصف کے قتل کی وجوہات سے متعلق ڈی آئی جی اپنی پریس کانفرنس میں میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مقتول آصف لاہور کے علاقے شالیمار میں حاجی اقبال والی مسجد کے پیش امام تھے۔
اہلیہ کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق ملزمان ان کے شوہر سے نیچے والی منزل پر ملنے آئے تھے۔ اس دوران ملزمان نے اہلیہ اور بیٹی کو دوسرے کمرے میں بند کردیا اور گھر کی نچلی منزل پر واقع کمرے میں پیش امام کو تیز دھار والے آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا۔ شور کی آواز پر اہلیہ نے مقتول کے بھائی کو فون کرکے بلایا اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی مسجد کے کوارٹر میں مقیم تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے بھی واقعہ کا نوٹس لیا گیا تھا۔