اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام نے بھی دو صوبوں سے سینیٹ الیکشن کے لیے اپنے امیدوار فائنل کر لیے۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ پارٹی نے خیبر پختون خوا اور بلوچستان سے امیدواروں کو فائنل کیا ہے، کے پی جنرل نشست کے لیے عطاالرحمان اور طارق خٹک کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بتایا کہ خیبر پختون خوا سے ٹیکنوکریٹ سیٹ پر زبیر علی، خواتین سیٹ پر نعیمہ کشور امیدوار، اقلیتی نشست پر رنجیت سنگھ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ بلوچستان کی جنرل نشستوں پر عبدالغفور حیدری اور خلیل احمد بلیدی امیدوار ہوں گے، ٹیکنوکریٹ سیٹ پر کامران مرتضیٰ، خواتین کی نشست پر آسیہ ناصر اور اقلیتی نشست پر ہیمن داس کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے بھی سینیٹ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جن میں سندھ سے جام مہتاب، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، شہادت اعوان، کریم خواجہ، فاروق ایچ نائیک، پلو شہ خان، خیرالنسا مغل اور رخسانہ شاہ شامل ہیں۔
پنجاب سے عظیم الحق، خیبر پختون خوا سے فرحت اللہ بابر اور اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی شامل کیے گئے ہیں۔