لاہور : وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈکا اہم اجلاس آج طلب کرلیا، جس میں سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر صوبائی تنظیموں کے اعتراضات پر غور ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراضات کے باعث وزیراعظم عمران خان نےسرکاری مصروفیات مؤخر کر دیں ، وہ آج بنی گالہ میں پارٹی معاملات پر مصروف دن گزاریں گے۔
وزیراعظم نے پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس بنی گالہ چیئرمین سیکرٹریٹ میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم پی ٹی آئی کےارکان اسمبلی سےبھی ملاقات کریں گے، جس میں سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پرصوبائی تنظیموں کےاعتراضات پر غور ہوگا ۔
پارلیمانی بورڈ کی سینیٹ ٹکٹوں سے متعلق تجاویز پر مشاورت ہوگی جبکہ سندھ،کےپی سےبعض امیدواروں کوٹکٹیں دینےکےفیصلوں پر نظر ثانی ہوگی۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید اختلافات سامنے آئے، پی ٹی آئی بلوچستان نے عبدالقادر کو سینیٹ ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر عمران خان نے عبدالقادر کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
بعد ازان سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں بلوچستان کے بعد سندھ سے بھی آواز اٹھنے لگی۔
خیال رہے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاآج آخری روز ہے جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔