اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ ضائع ہونے پر وزیرمملکت شہریار آفریدی سے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ ایم این اے ہیں، ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے تھی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن میں حکومتی رکن شہریار آفریدی نے ووٹ ڈالتے وقت بیلٹ پیپر پر ہندسہ درج کرنے کے بجائے دستخط کردیے، جس کے باعث شہریار آفریدی کاووٹ ضائع ہوگیا۔
جس کے بعد شہریارآفریدی نے پریزائیڈنگ افسر کو خط لکھ کر ووٹ ری کاسٹ کرنےکی درخواست کی ، جس میں کہا کہ طبعیت ناساز تھی ،الیکشن تیاری سے متعلق پارٹی میٹنگ میں نہیں جا سکا، پی او اور عملے نے درخواست کے باوجود ووٹ ڈالنے سے متعلق رہنمائی نہ کی، میں نے بیلٹ پیپر پر ہندسہ درج کرنے کے بجائے دستخط کردیے، مجھے دوبارہ ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔
شہریار آفریدی کے ووٹ ضائع ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سخت ناراض کا اظہار کیا ، عمران خان نے کہا آ پ کو نہیں پتہ ووٹ کس طرح کاسٹ کرتے ہیں، سب کو طریقہ کار بتایا گیا تھاکہ ووٹ کیسے کاسٹ ہوتا ہے ، آپ ایم این اے ہیں اس طرح کی غلطی کیسے کر دی، آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیےتھی۔
تاہم شہریار آفریدی وزیراعظم کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
خیال رہے ایوان بالا کی سینتیس نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے، قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان سمیت تین سو چالیس ارکان نے ووٹ کاسٹ کردیا۔ صرف ایک ووٹ باقی ہے ، جماعت اسلامی کے رکن نے ووٹ نہیں دیا تاہم عملہ پانچ بجے تک انتظار کرے گا۔
سندھ ، خیبرپختو نخوا اور بلوچستان اسمبلی میں بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ پنجاب سے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔