لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کریں گے، جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی آج جاتی امرا میں ملاقات ہوگی ، ملاقات میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، قمر زمان کائرہ ، منظور چوہدری اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بلاول بھٹو کے ہمراہ ہوں گے۔
ملاقات میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائےگی اور پی ڈی ایم سےمتعلق دیگراموربھی ملاقات میں زیربحث آئیں گے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کل طلب اجلاس 2 بجے مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا، اجلاس کی صدارت کنوینر احسن اقبال کریں گے،اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈاجاری کردیا گیا ہے ، پی ڈی ایم لانگ مارچ تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا،سینٹ انتخابات کےحوالے سے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔لانگ مارچ کیلیئے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاہور پہنچے تھے ،جہاں وہ سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں تین دن قیام کریں گے۔
یاد رہے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا اہم پیغام بھی شہباز شریف کو پہنچایا ۔
یوسف رضا گیلانی اور شہباز شریف نے دیگ[رسیاسی رہنماوں کے ساتھ سینٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی جبکہ نومنتخب سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی کیس اور حمزہ شہباز کی ضمانت کے حوالے سے شہباز شریف کو بریفنگ بھی دی ۔