پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز کا کھیل جاری ہے۔
پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر کچھ دیر پہلے تک 215 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت کریز پر محمد رضون اور نعمان علی موجود ہیں۔ محمد رضوان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اب تک 73 رنز بنائے ہیں۔
حسن علی کو کشیو مہاراج نے پانچ رنز بنانے کے بعد آؤٹ کر دیا۔ یاسر شاہ 23 رنز بنا کر لنڈے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو دوسری اننگز میں 200 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
سنیچر کو میچ کے تیسرے دن جب کھیل ختم ہوا پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا تھا۔ اوپنر عمران بٹ کوئی رن بنائے بغیر ربادا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور ان کے پیچھے عابد علی کو کشیو مہاراج نے 13 رنز پر پولین کی راہ دکھائی۔
بابر اعظم صرف آٹھ رنز بنا سکے، انہیں بھی مہاراج نے آؤٹ کیا جبکہ اظہر علی 33 رنز بنا کر لنڈے کا شکار بنے۔
فواد عالم بھی صرف 12 رنز بنا سکے اور لنڈے کی دوسری وکٹ بنے۔
فہیم اشرف کو بھی لنڈے نے آؤٹ کیا، انہوں نے 29 رنز بنائے۔
پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کی تمام ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کے لیے ٹیسٹ کا تیسرا روز اچھا ثابت نہ ہوا اور بلے باز ایک بعد ایک پاکستانی بولرز کا شکار بنتے گئے۔
کپتان ڈی کاک کو میچ کے تیسرے روز کے آغاز میں شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز پر آؤٹ کیا اور ویان ملڈر بھی 33 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی ہی کے ہاتھوں ڈھیر ہوئے۔
جارج لنڈے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ انہیں حسن علی نے 21 رنز پر پولین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔
ان کے بعد کشیو مہاراج ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے آئے لیکن وہ بھی ایک رن ہی بنا سکے اور حسن علی نے انہیں بھی بولڈ کر دیا۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے۔