اسلام آباد: سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل کیس پر امریکی رپورٹ کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ کا ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کے معاملے پر ہم نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ انٹیلی جنس رپورٹ دیکھی ہیں، رپورٹ جمال خاشقجی کے قتل کے بارے میں انٹیلی جنس پر مبنی ہیں، ہم نے دیکھا سعودی حکومت نے قتل کو سلطنت کے قوانین، اقدار کے خلاف قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے صحافی کے قاتلوں کو سزا دلوانے کے لیے اقدامات ا ٹھائے، سعودی حکومت نے معاملے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے۔
زاہد حفیظٖ چوہدری نے کہا کہ سعودی حکومت نے ملوث کرداروں کی تحقیقات کرکے انہیں سزائیں دلوائیں، صحافی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کاوش کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستان اس حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، خلیجی تعاون کونسل اورعرب پارلیمنٹ نے جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی رپورٹ پرسعودی وزارت خارجہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
قبل ازیں سعودی وزارت خارجہ نے سعودی شہری جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کو مکمل طور پر مسترد کردیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اپنے شہری جمال خاشقجی کے قتل کے جرم سے متعلق کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ وہ جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کی بابت کی جانے والی چہ میگوئیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔