برطانوی خاتون نے تین سالہ بیٹے کو یوٹیوب ویڈیو پر اہل خانہ کو قتل کرنے کا پیغام موصول ہونے پر والدین کو متنبہ کردیا۔
ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب پر تقریباً تمام ہی موضوعات پر ویڈیوز موجود ہے اور ہر صارف یوٹیوب پر باآسانی اپنے مزاج اور ذوق کے مطابق ویڈیوز سرچ کرتا ہے۔
ویڈیو پلیٹ فارم پر جہاں علمی، تربیتی موضوعات پر مبنی ویڈیوز موجود ہیں وہیں جرائم کی ترغیب دینے والی ویڈیوز بھی گردش کرتی نظر آتی ہے جو کم عمر ناظرین کو اپنی جانب راغب کرتی ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو کی داستان برطانوی ریاست اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے سامنے آئی، جہاں تین سالہ بچے کی ماں نے تمام والدین سے درخواست کی ہے یوٹیوب پر ویڈیوز دکھاتے وقت اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے اپنے تین سالہ بیٹے کو یوٹیوب پر ڈائناسور کی ایک ویڈیو لگاکر دی تاکہ بچے کو گنتی سیکھنے میں مدد مل سکے لیکن اس ویڈیو کے دوران جوکر کی اشتہاری ویڈیو آئی جو بچے کو سنگین جرم کی ترغیب دے رہا تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اشتہاری ویڈیو میں نظر آنے والا جوکر میرے بیٹے کو پیغام دے رہا تھا کہ وہ اپنے اہل خانہ کو چھری سے قتل کردے اور اس پیغام کو تکمیل تک پہنچانے کےلیے جوکر نے ویڈیو کے دوران بچوں کی گردنیں کٹی اور ٹکڑے ہوئی لاشوں کی تصاویر بھی دکھائیں۔
برطانوی خاتون نے کہا کہ ان کے شوہر اور وہ یہ ویڈیو دیکھ کر دنگ رہ گئے، جس کے بعد انہوں نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر واقعے کی شکایت درج کرائی جس کے بعد یوٹیوب نے وہ ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ایسی ویڈیو کی روک تھام کےلیے مزید قانونی کارروائی کریں گی کیوں کہ ان کا بیٹا بہت چھوٹا تھا جس نے ویڈیو کا اثر نہیں لیا ورنہ ویڈیو کے ذریعے پیغام بہت خطرناک دیا گیا تھا۔