کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملک میں امن مشق 2021 کے دوران روسی بحری جہاز کا دورہ کیا جہاں غیرملکی افسران نے جہاز میں نصب جدید سسٹم سے متعارف کرایا۔
تفصیلات کے مطابق نیول چیف نے روسی بحری جہاز ‘ایڈمرل گریگورووچ فریگیٹ’ کا دورہ کیا، اس موقع پر روسی جہاز کے کپتان کونسٹنٹن اکسیونوف نے فریگیٹ کے ذریعے پاکستانی مہمان کی رہنمائی کی، غیرملکی افسران نے بحری بیڑے میں نصب خصوصی آلات اور جدید تکنیکی مہارت سے آگاہ کیا۔
امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اعزازی مہمانوں کی کتاب میں اپنی یادگار بھی درج کیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے امن 2021 مشقوں کے ذریعے سے دشمن کو بتا دیا کہ خبر دار کوئی میلی نگاہ نہ ڈالے، ملک کی سمندری سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔
گزشتہ روز امن مشق کے دوران کراچی میں پی این ایس قاسم منوڑہ پر پاک نیوی کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت، دہشت گردی کے خاتمے اور جنگی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ امن مشقیں دو ہزار اکیس کے موقع پر پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا، تقریب میں فرانس، جرمنی اور ایران سمیت 40 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔