اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکےمیں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہولت کاروں تک پہنچنے کیلئے تمام ریاستی وسائل استعمال کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی حکام نے پشاور دھماکے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے واقعےسے متعلق ابتدائی تحقیقات اور حساس معلومات سے بھی آگاہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دھماکےمیں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہولت کاروں تک پہنچنے کیلئے تمام ریاستی وسائل استعمال کیےجائیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی واقعے کی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پشاورمسجددھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کرتاہوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کےپی سے کہا ہے وہ ذاتی طور پراہلخانہ سے ملاقا ت کریں اور ذاتی طور پرآپریشنزکی نگرانی، اداروں کیساتھ رابطہ میں ہوں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ہمارے پاس تمام معلومات ہیں کہ دہشت گرد کہاں سے آئے، پوری طاقت کے ساتھ دہشتگردوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔
واضح رہے پشاور کے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں اب تک 62 افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہوگئے۔