اسلام آباد وزیراعظم کی قبضہ مافیا کیخلاف چلنے والی مہم میں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)کا قبضہ مافیا کیساتھ گہرے روابط کا انکشاف ہوا ہے ، اربوں روپے کی زمینیں لاکھوں روپے منتھلی کے عوض واہ گزار کرانے میں ناکام ہے ۔وزیراعظم پورٹل سیل مقدمات کا اندراج ،لڑائیاں ج ھ گڑے بھی اس ادارے کا قبلہ درست نہ کرسکیں ۔
بھارہ کہو ، کھنہ پل ،لوئی بھیر ، شہزاد ٹائون ،برما چوک ،سوہان ،سہالہ سمیت دیگر درجنوں جگہوں پر سی ڈی اے اور سرکاری زمین پر سی ڈی اے عملے کی آشیر باد سے مافیاز نے قبضے میں لے رکھی ہیں جن کے بدلے لاکھوں روپے منتھلی لے کر اربوں روپے کی زمین جرائم پیشہ افراد کے حوالے کردی گئی ہے ۔معلومات کے مطابق بھارہ کہو میں قبضہ گروپ کے سرغنہ راجہ واحد ولد راجہ خان کوٹ ہتھیال جنہوں نے ابتدائی طور پر سی ڈی اے کے کرپٹ عملے کو ساتھ ملا کر ریت بجری کے ٹھیے لگائے اور بعد ازاں اس پر قابض ہو گیا ۔بلاک فیکٹری بھی لگا دی گئی اس حوالے سے متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود سی ڈی اے ٹس سے مس نہ ہوا اور جرائم کی دنیا میں قبضہ مافیا گروپ جن کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل ہے ، کو ایک وفاقی ادارہ تحفظ دینے کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔اس حوالے سے وزیراعظم پورٹل سیل پر بھی متعدد بار شکایات کی گئیں تاہم سی ڈی اے کے افسران ٹس سے مس نہ ہوئے اور آئے روز بھتہ نہ دینے والے افراد کیخلاف آپریشن کا ڈھونگ رچا کر بھتہ دینے والے افراد کو تحفظ دیا جانے لگا ہے ۔دوسری جانب کھنہ پل کے علاقے میں سرکاری قبرستان کی زمین پر بھی قبضے کرکے مکان بنا دیئے گئے اور اب جب کہ ایک بااثر قبضہ مافیا کی جانب سے قبرستان کی دیوار کیساتھ درجنوں دکانیں تعمیر کرکے لاکھوں روپے کرایے کی مد میں وصول کیے جارہے ہیں ۔یہاں محکمہ اوقاف سنٹرل گورنمنٹ کی زمینیں موجود ہیں جن کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بااثر افراد کے زیر قبضہ دیا گیا ہے ۔دوسری جانب راول ڈیم سے برساتی نالے کے ارد گرد سینکڑوں کنال پر مافیا نے قبضہ کررکھا ہے جس میں مکانات ،بھینسوں کے باڑے اور رحمن انکلیو کی کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹ بنا کر فروخت کیے جارہے ہیں ۔سوہان ، شہزاد ٹائون ، سہالہ ،گولڑہ و دیگر علاقوں میں ہزاروں کنال زمین پر نہ صرف قبضے کرلئے گئے ہیں بلکہ ان میں سے سرکاری افسران کو بھتے کی صورت میں پلاٹ بھی دیدیئے گئے ہیں ۔عام شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک جانب قبضہ مافیا کیخلاف بہت بڑا اعلان جنگ کرچکے ہیں جبکہ ان کے اپنے اقتدار کے شہر میں قبضہ مافیا نے انت مچا رکھی ہے ۔حتی کہ بنی گالہ کو بھی چائنہ کٹنگ کے ذریعے تہس نہس کردیا گیا ہے ۔عام شہریوں نے اپیل کی ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی بجائے وفاقی دارالحکومت میں آپریشن کیا جائے تاکہ عام شہری سکھ کا سانس لے سکیں ۔