اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج اقتصادی اورسماجی کونسل سے خطاب کریں گے، جس میں وہ کورونا بحران اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے فوری فیصلے کا مطالبہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم 12 اپریل کو اقتصادی اورسماجی کونسل سے خطاب کریں گے ، جس میں وہ فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ فورم میں افتتاحی بیان دیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فورم کا اجلاس 12 سے 15اپریل کوپاکستان کی صدارت میں منعقدہوگا، اجلاس میں10سربراہان مملکت اور 50 وزرا شریک ہوں گے، چار روزہ فورم کی صدارت یو این میں مستقل مندوب منیراکرم کریں گے ۔
فورم کا مقصد ترقی پذیرممالک کو کورونا سے نمٹنے کیلئے مالی تعاون کو متحرک کرناہے، وزیراعظم کورونا بحران اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے فوری فیصلے کا مطالبہ کریں گے ۔
خیال رہے وزیراعظم نے2020میں ترقی پذیرممالک کیلئےقرض ریلیف کی تجویز پیش کی تھی، اور مطالبہ کیا تھا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیاجائے۔
مئی 2020 وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وبا اور ترقی کے لیے سرمایہ کاری پر ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا ایک عالمی مسئلہ ہے ، جس نے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب کیے ہیں اس وبا سے نمٹنے کےلیے پوری دنیا کو اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں، ترقی پذیر ممالک کی امداد میں اضافہ ہونا چاہیے۔