وزیر اعظم عمران خان کا رمضان المبارک پر قوم کے نام پیغام

0


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے رمضان پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ نے پھر رمضان کی برکات سے ہمیں مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے، رمضان کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے پیغام میں کہا کہ روزے کا مقصد اپنے اندر پرہیز گاری اور ایثار و ہم دردی کے جذبات پیدا کرنا ہے، اس با برکت مہینے میں ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے، اور نا جائز منافع خوری میں ملوث عناصر کی نشان دہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے۔

انھوں نے کہا اس وقت عالم انسانیت کرونا وبا کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، گزشتہ رمضان المبارک میں قوم نے جس طرح ایس او پیز پر عمل کیا تھا، اور وبا کے پھیلاؤ کو ہر ممکن حد تک روکا، وہ قابل ستائش ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا علما و مشائخ کی مشاورت سے نماز تراویح، اور اعتکاف کے لیے ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے، رمضان میں ان پر عمل درآمد یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمیں اس نازک صورت حال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔

انھوں نے مزید کہا ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنی ہے کہ سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے، اللہ قوم کی مدد فرمائے، اور آزمائش کی گھڑی میں صبر و تحمل کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here