میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح

0


میران شاہ: وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شيخ رشيد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میران شاہ میں پہلے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا، ميران شاہ ميں وزير داخلہ کو علاقے کے مسائل پر بريفنگ دی گئی۔

وزير داخلہ نے علاقے کے لیے نادرا کی 2 موبائل وین فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے شہری موبائل وین سے مستفید ہوسکیں گے، انگور اڈہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پاسپورٹ آفس بنائيں گے، پاسپورٹ، نادرا دفاتر ميں ميرٹ پر مقامی لوگ بھرتی کريں گے، خواتین کو بھی تربيت دے کر بھرتی کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے قبائلی عمائدین اور معززین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا ہے، آپ نے پاکستان کے بقا کی جنگ لڑی، قوم کو آپ پر ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں میڈیکل یونیورسٹی کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا، جرگہ منعقد کرنے کے لیے بھی وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ جرگے کی روایت کا حامی ہوں، اس علاقے میں اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیئے، جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے سماجی خدوخال بہت منفرد ہیں، علاقائی قوانین کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے، علاقائی رسم و رواج کے مطابق قوانین بنانے کے لیے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کر دیا ہے، پاسپورٹ اور نادرا کے دفاتر میں مقامی اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا، نادرا رجسٹریشن کے لیے 2 موبائل وینز فوری فراہم کریں گے۔ شناختی کارڈز کے فوری اجرا کے لیے انتظامات کر رہا ہوں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لیے امیگریشن کو آسان بنایا جائے گا، جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے، شمالی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس اسی سال شروع ہوجائے گی۔ علاقے کو ترقی دینے کے لیے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here