لاہور: موٹر وے زیادتی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بچوں کے سامنےخاتون سےزیادتی کرنے والوں کا انجام قریب آگیا ، لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت موٹروے خاتون زیادتی کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے گی۔
دو روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں کی تھی، ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کے بیان قلمبند کیے گئے۔
ملزمان کی جانب سے شیر گل ہاشمی ایڈووکیٹ پیش ہوئے، مقدمہ میں کل 37 گواہان بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں، سپیشل پراسیکیوٹر عابد نور بھٹی، حافظ اصغر اور عبدالجبار نے گواہان کے بیانات مکمل کرواٸے، جن پر جرح مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے 8 اور 9 ستمبر کی رات گجرپورہ کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ملزم عابد ملہی اور ملزم شفقت نے مبینہ طور پر گجر پورہ لنک روڈ پر بچوں کے سامنے ماں کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
جس کے بعد پولیس نے شفقت گرفتار کیا ، دوران تفتیش شفقت نے خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ 9 ستمبر کو وہ اور عابد ڈکیتی کی غرض سے کار کے پاس گئے تھے، پہلے خاتون سے لوٹ مار کی، اور پھر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مرکزی ملزم عابد ملہی کو واقعہ کے ایک ماہ بعد پولیس نے خود گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا جبکہ ملزم شفقت علی کو دیپالپور سے گرفتار کیا گیا تھا۔