کراچی : آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن کے چیئرمین طارق شاہ نے تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا اسکولوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جارہا ہے، بچے شاپنگ مالز دیگر جگہوں پر جاتے ہیں تو متاثر ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن طارق شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو میں تعلیمی ادارے بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جارہا ہے ، اسکولوں کو مکمل طور پر بند نہیں ہونا چاہیے۔
طارق شاہ نے سوال کیا ریسٹورنٹ،مالز میں بچے بھیجنا زیادہ ضروری ہے یا اسکول؟ بچے شاپنگ مالز دیگر جگہوں پر جاتے ہیں تو متاثر ہوتے ہیں ،بازاروں میں کورونا زیادہ پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن نے کہا ٹرانسپورٹ پر 2 دن کی پابندی لگائی گئی اسی طرح اسکول کیلئے بھی انتظام کیا جائے۔
آن لائن کلاسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم سے زیادہ فائدہ حاصل نہیں ہورہا ، بچوں کو آن لائن کے ذریعے کورس کی تیاری نہیں کروائی جاسکتی۔
یاد رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک میں 6 اپریل بروز منگل سے اگلے پندرہ روز کیلئے کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بچوں کی تعلیم کو آن لائن، ہوم ورک اور دیگر ذرائع سے جاری رکھا جاسکتا ہے۔