اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم دہشت گرد مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد پیر عرف اسد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر عرف اسد سنہ 2006 سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا، پیر عرف اسد نے بیت اللہ محسود گروپ میں رہ کر دہشت گردی کارروائیاں انجام دیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر 2 آپریشنز کیے گئے تھے جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں میں عادل، جنید عرف جامد، خالق عرف ریحان شامل تھے، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے سے نئے دہشت گرد بھرتی کرتے تھے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔