بھارت: انٹر پاس شخص کا ڈاکٹر بن کر اسپتال چلانے کا انکشاف، راز کیسے افشا ہوا؟

0


نئی دہلی: کرونا وبا نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ایسی صورت حال میں ایسا واقعہ رونما ہوا ہے، جس نے بھارت میں صحت عامہ کے دعووں کا پول کھول دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر پونے میں محض بارہویں جماعت پاس شخص کی جانب سے اسپتال چلانے کا انکشاف ہوا ہے، واقعہ پونے کے شہر شیرور میں وارد ہوا، جہاں ملزم فرضی ڈاکٹر کے نام سے ایک اسپتال چلارہا تھا اور پیسہ کمانے کی خاطر لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ملزم نے اسپتال چلانے کے لئے ایک شخص سے پارٹنر شپ کی، پھر دونوں افراد کے درمیان مالی تنازع ہوا، جس کے باعث معاملہ پولیس اسٹیشن جا پہنچا، مقامی پولیس کی جانب سے سنجیدگی سے تحقیقات کی گئی تو سارا معاملہ کھل کر سامنے آگیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کا نام محبوب شیخ ہے اور وہ محض بارہویں کلاس پاس ہے، ملزم ڈاکٹر مہیش پاٹل کے نام سے فرضی ڈگری کے ساتھ موریہ اسپتال چلا رہا تھا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر اس کے خلاف دھوکہ دہی اور مہاراشٹر میڈیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ساتھ ہی پولیس اس کی بھی جانچ کررہی ہے کہ اسپتال چلانے کے لئے ملزم نے فرضی کاغذات کہاں سے بنوائے؟

مقامی پولیس نے انکشاف کیا کہ ملزم دو سال سے 22 بستروں پر مشتمل اسپتال چلارہا تھا یہی نہیں اس نے کرونا مریضوں کے لئے ایک علیحدہ وارڈ بھی بنارکھا تھا، جس میں کووڈ مریضوں کا علاج کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلسل دوسرے روز بھی کرونا کے2لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں کرونا سے متاثر 1185 مریض جان سے گئے۔

دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کی لہر عروج پر ہونے کےباوجود کمبھ میلہ جاری ہے،حردوار میں جاری کمبھ میلےمیں تیس سادھو سمیت دو ہزار سےزیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here