اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

0


اسلام آباد : اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، طیارے کے کپتان نے انتہائی مہارت سے طیارے کو لینڈ کرایا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں ٹیک آف کرتے ہی فنی خرابی پیداہوگئی، جس کے بعد طیارے کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور دو بار لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی۔

ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو فوری تکنیکی لینڈنگ کی اجازت دی اور طیارے کے کپتان نے انتہائی مہارت سے طیارے کو لینڈ کرایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انجینئرز نے طیارے کی مرمت کاکام شروع کردیا ، طیارہ آج دوپہر سعودی عرب کے لیےروانہ ہوجائے گا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق طیارے کے مسافروں کو لاؤنج میں منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے نومبر 2021 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے) کے پائلٹ کی غفلت کے باعث ٹورنٹو ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے سے بچ ‏گیا تھا۔

پی آئی اے کی ٹورنٹو سے اسلام آباد کے لیے پرواز 782 کا پائلٹ بغیر کلیئرنس کے ٹیکسی ‏قطار میں داخل ہو گیا اور اسی دوران سیول سے آنے والا ایئرکینیڈا کاطیارہ بھی اسی رن وے پر لینڈنگ کے لیے ‏فائنل اپروچ کر رہا تھا۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایئرٹریفک کنٹرولر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینڈین پرواز کو بروقت مطلع ‏کیا اور اسے لینڈنگ سے روک کر فضا میں چکر لگانے کو کہا، بعد ازاں طیارے کوٹیکسی کرتے دیکھ کر کینیڈا کے طیارے کو15 منٹ تاخیر سے لینڈ کرایا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here