Home Blog Page 4

کراچی میں سردی کی لہر

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسم سرد ہے، سردی کی لہر آئندہ چند روز تک مزید برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شمال مشرقی سمت سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں، سردی کی لہر آئندہ چند روز تک مزید برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے

غروب آفتاب آج 5 بج کر 54 منٹ تک ہوگا۔

کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ، برف باری کا امکان

0


کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے برف باری کا امکان ظاہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں مطلع ابر آلود ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسم سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ، چمن، زیارت، سبی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور نصیر آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات اور زیارت میں منفی 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گوادر میں درجہ حرارت 11، تربت میں 12 اور جیونی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پانچ گھنٹے سے کم نیند کیا اثرات مرتب کرتی ہے؟

0


صحت مند انسان کے لئے ہر رات سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لینا اشد ضروری ہے، ایسا نہ کرنے والے دائمی بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کی عمر 50 سال سے زائد ہے تو ہر رات 5 گھنٹے یا اس سے کم نیند لینا آپ کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے،یہ دعویٰ پلوس میڈیسن نامی جریدے میں شائع ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔

ماہرین نے اس تحقیق کو موثر بنانے کے لئے اسے دو زمروں میں تقسیم کیا تاکہ نتائج کی جانچ پڑتال میں آسانی ہوسکے۔

25 سال کی تحقیق: اس تحقیق میں برطانیہ کے آٹھ ہزار سرکاری ملازمین شامل تھے، ان تمام ملازمین میں 50 سال کی عمرتک کوئی دائمی بیماری نہیں تھی۔

سائنسدانوں نے ان سے کہا کہ وہ ہر چار سے پانچ سال تک اپنی نیند اور صحت کے بارے میں معلومات دیں، جن لوگوں کی نیند 50 سال کی عمر میں ٹریک کی گئی ان میں پانچ گھنٹے یا اس سے کم سونے پر ان میں دائمی بیماریوں کا خطرہ 30 فیصد زیادہ تھا۔

ان کا موازنہ ان لوگوں سے کیا گیا جو رات میں 7 گھنٹے سوتے تھے، ایک ہی وقت میں یہ خطرہ 60 سالوں میں 32 اور ستر سال کی عمر میں 40 فیصد بڑھ گیا، مقررہ نیند نہ لینے سے موت کا خطرہ بھی 25 فیصد پایا گیا۔

کم نیند سے بیماریوں کا خطرہ: تحقیق کے مطابق جو لوگ رات کو 5 گھنٹے سے کم سوتے ہیں ان میں ذیابطیس، کینسر، امراض قلب، ہارٹ فالج، پھیپھڑوں کی بیماری، گردے کی بیماری، جگر کی بیماری، ڈپریشن، بھول جانا، پارکنسنزجیسی بیماری ، گھٹیا اور بہت سے دماغی امراض کا خطرہ ہوتا ہے۔

نیند کتنی ضروری؟ ڈاکٹرز کے مطابق جیسے جیسے لوگوں کی عمر بڑھتی ہے، ان کے نیند کے چکر بھی بدل جاتے ہیں، اگر آپ دائمی اور سنگین بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو ہر رات 7 سے 8 گھنٹے کی نیند لینا آپ کے لئے بے حد ضروری ہے، اس سے کم نیند آپ کے لئے نقصان دہ ہے۔

مکمل اور پُرسکون نیند کے لئے سونے کے کمرے میں اندھیرا اور مناسب درجہ حرارت ہونا چاہئے، سونے سے پہلے کوئی بھاری چیز نہ کھائیں اور تمام الیکٹرک آلات کو اپنے آپ سے دور رکھیں۔

عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر مکمل ریلیف نہ مل سکا

0


اسلام آباد: عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر مکمل ریلیف نہ مل سکا، پیٹرول کی قیمت کم کر کے ڈیزل کی قیمت بڑھا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ڈیزل پر مکمل ریلیف کے بجائے لیوی کی شرح بڑھا دی، ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر 30 روپے کر دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، یکم دسمبر کو ڈیزل پر لیوی 25 روپے فی لیٹر تھی۔

یکم دسمبر سے پہلے ڈیزل پر لیوی 12 روپے 59 پیسہ فی لیٹر تھی، دسمبر 2022 میں وفاق نے ڈیزل پر لیوی میں 17 روپے 41 پیسے کا اضافہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر آئی ایم ایف شرائط کے مطابق 50 روپے لیوی عائد ہے، مٹی کے تیل پر 13.10 روپے اور لائٹ ڈیزل پر 16.29 روپے لیوی عائد ہے۔

پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشنز، 12 دہشت گرد گرفتار

0


لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے کومبنگ آپریشنز کرتے ہوئے 12 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کیے، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 12 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔

ترجمان سی ٹی دی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضہ سے بارودی مواد، اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتاریاں راولپنڈی، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ساہیوال سے کی گئیں، 38 آپریشنز کے دوران 42 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 373 کومبنگ آپریشن کیے گئے، کومبنگ آپریشنز کے دوران 58 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

چند ہفتوں کا خام مال، دواؤں کے بحران کا خطرہ منڈلانے لگا

0


کراچی: وفاقی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں چند ہفتوں کا خام مال بچا ہے، اور دواؤں کے بحران کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں ادویات کے بحران کا خدشہ سر اٹھا رہا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزارت صحت نے وزارت خزانہ کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ اگر ادویات کے خام مال کے لیے ایل سیز نہ کھولی گئیں تو ادویات کے بحران ہو جائے گا۔

وزارت صحت کے مطابق ملک میں میڈیکل ڈیوائسز کے بھی سنگین بحران کا خطرہ ہے، اور معاشی بحران کے ساتھ جان بچانے والی دواؤں کا بحران بھی ملک کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

وفاقی وزارت صحت حکام نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارش پر خط میں لکھا کہ ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس اب صرف چند ہفتوں کا خام مال بچا ہے۔

دوسری طرف پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ادویات ساز کمپنیوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ قرار دے دیا ہے، بھارتی اور چینی کمپنیاں اب پاکستانیوں کو ادھار پر خام مال نہیں دے رہیں۔

پی پی ایم اے کا کہنا تھا کہ ایل سیز کھولنے کا مسئلہ نہ حل کیا گیا تو ملک میں ادویات اور میڈیکل ڈیوائسز کا سنگین بحران ہوگا، دوسری طرف اسٹیٹ بینک کے ذرائع نے کہا ہے کہ پیٹرولیم اور فارماسوٹیکل مصنوعات کی درآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کی واضح ہدایات ہیں کہ پٹرولیم اور فارماسیوٹیکلز کے لیے ایل سی بند نہ کی جائیں، اور نومبر کے مہینے میں اکتوبر سے زیادہ درآمدات ہوئی ہیں۔

چیئرمین پی پی ایم اے سید فاروق بخاری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کہا کہ گزشتہ ماہ سے ایل سیز روکی گئی ہیں، بینکوں کا کہنا ہے انھیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے زبانی ہدایات ہیں کہ درآمدات کی ایل سیز روکی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ بینکوں کا دوسرا مؤقف یہ ہے کہ ڈالر کی قلت ہے، وہ زیادہ بلیک مارکیٹ میں چلا گیا ہے، دو دن قبل ہماری اسٹیٹ بینک سے بات ہوئی ہے، انھوں نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ بینکوں کو کہا گیا ہے کہ ادویات کی ایل سیز کسی بھی طور نہیں روکی جائیں گی۔

2023 میں پاکستان دیوالیہ ہوسکتا ہے؟ شبر زیدی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

0


اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

تفصیلات کے مطابق شبر زیدی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں شرکت کی اور پاکستان کو لاحق معاشی خطرات کے حوالے سے گفتگو کی۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ معاشی اصطلاح میں دیوالیہ یا ڈیفالٹ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص یا ملک اپنی موجودہ آمدن کے اندر اپنے قرضے نہ اتار سکے، پاکستان اپنی مقامی اور غیر ملکی کرنسی میں ہونے والی آمدن میں اپنا قرض نہیں اتار سکتا لہٰذا اس حوالے سے ملک ایک طویل عرصے سے دیوالیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا ڈیفالٹ ریاستی قرضے کا ہے جو اس وقت ہوتا ہے جب دیگر ممالک آپ کو قرض دینا بند کردیں یہ دیکھتے ہوئے کہ آپ اپنا قرضہ ادا نہیں کرسکتے۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ریاستی قرضوں کے حوالے سے پاکستان دیوالیہ نہیں ہوا کیونکہ دنیا کے دیگر ممالک یہ دیکھنے کے باوجود کہ پاکستان اپنا قرضہ ادا نہیں کرسکتا، ہمیں قرض دے رہے ہیں۔

البتہ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ جس طرح حکمران طبقے کی عیاشیاں جاری ہیں اور غیر دانشمندانہ معاشی فیصلے کیے جارہے ہیں، جلد بیرونی دنیا پاکستان کو قرضے دینے سے اپنا ہاتھ کھینچ لے گی۔

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا جھوٹ بولتے رہے کہ پاکستان سری لنکا نہیں بن سکتا، اگر یہی حالات رہے کہ تو صرف اگلے ہی سال پاکستان سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہوجائے گا۔

مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک اور کیس میں ریلیف مل گیا

0


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بریت کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بریت کو حتمی فیصلہ قرار دیتے ہوئے نیب نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بریت کو درست تسلیم کرلیا۔

نیب راولپنڈی نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بریت کیخلاف اپیلیں نہ کرنے کا تحریری آرڈر جاری کردیا۔

ڈی جی نیب راولپنڈی فرمان اللہ نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی بریت کیخلاف اپیلیں نہ کرنے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دی گئی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 6 جولائی 2018 کو مریم نواز اور ان کے والد سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں میں سزا سنائی گئی تھی۔

نواز شریف کو 11 سال قید جبکہ مریم نواز کو 7 قید کی سزا سنائی گئی تھی، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نیب کے ساتھ تعاون نہ کرنے اور نواز شریف اور مریم نواز کی مدد اور حوصلہ افزائی کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بجلی بلوں میں کے ایم سی ٹیکس: ایم کیو ایم کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اُٹھانے کا اعلان

0


کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے بجلی کے بلوں میں کےایم سی کا ٹیکس کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اُٹھانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کے الیکٹرک میونسپل چارجز وصول کرنے پر درعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں پر اضافی ٹیکس لگانا ظلم ہے۔

خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک سماج دشمن ادارہ بن چکا ہے، کے الیکٹرک صارفین کی تعداد 24 لاکھ ہے، حکمرانوں کی غلطیوں کی سزا عوام بھگت رہےہیں۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم اس پر ردعمل دیں گے کیونکہ عوام کے الیکٹرک سے ناراض ہیں، عوام کے غم و غصے کے ذمہ داری ایڈمنسٹریٹر کراچی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف سے اس معاملے پر بات کی جائےگی، صوبائی معاملہ ہے یہ مراد علی شاہ سے اس پر بات ہوئی، ٹیکس کے حوالے سے ہمارا ردعمل آئے گا۔

خواجہ اظہارالحسن نے مزید کہا کہ عوام مزید ٹیکس بھی دینےکیلئے تیار ہوجائیں گے لیکن اس سے کیا فائدہ ہوگا، مصطفی کمال اور وسیم اختر کے دور میں بھی ٹیکس وصول ہوتا تھا۔

کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ

0


کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، ملزمان بلاخوف و خطر کسی کی بھی موٹر سائیکل لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔

کراچی کے علاقے صدر سی آئی اے سینٹر کے قریب دن دہاڑے موٹرسائیکل چوری کی واردات سامنے آئی ہے، مذکورہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار2ملزمان کو واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے گلی میں شہریوں کی غیرموجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات انجام دی۔

ملزمان چند منٹوں میں موٹرسائیکل چوری کرکے فرارہوگئے، ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے کیپ اور ہیلمنٹ پہن رکھے تھے۔

یاد رہے کہ سی پی ایل سی نے شہر قائد میں گزشتہ ماہ اگست میں ہونے والی وارداتوں کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق 263شہری روزانی کی بنیاد پر ڈاکووں کی وارداتوں کا نشانہ بنے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں ماہ اگست میں اسٹریٹ کرائم کی 8 ہزار 163 واردتیں رپورٹ ہوئیں، ریکارڈ کا حصہ بننے والی وارداتوں میں صرف گاڑیاں، موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کے علاوہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بھی شامل ہیں، موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتیں یومیہ 171 سے تجاوز کرگئیں۔