خیرپور: سفاک شوہر نے دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر بیوی کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا ، مقتولہ سات بچوں کی ماں تھی، پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع خیرپو میں بے رحم شوہر نے اپنا ہنستا بستا گھر اپنے ہی ہاتھوں سے اجاڑ دیا، صدام نامی شخص نے بیوی گلشن خاتون سے دوسری شادی کی اجازت مانگی اور اجازت نہ دینے پر اپنے ہی بچوں کے سامنے بیوی کا گلا دبا کر قتل کردیا۔
قتل کے بعد شوہر جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، پولیس نے پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور کوٹ ڈیجی اسپتال سے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ 7 بچوں کی ماں تھی، قاتل کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے رواں سال اپریل میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں پنجاب کے ضلع نارووال میں سفاک شوہر نے دوسری شادی کی اجازت نہ دینے پر بیوی کو قتل کردیا تھا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ مقتولہ صوبیہ کی 6 سال قبل عظیم سے شادی ہوئی جس کے بعد اُن کے ہاں تین بیٹوں کی پیدائش ہوئی تھی۔