اسلام آباد :پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹرنوشین حامد کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کاعمل مزیدتیز کردیاگیاہے اور پاکستانی ویکسین کی ایک لاکھ20ہزارسےزائدڈوز تیارکرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹرنوشین حامد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا ویکسی نیشن کاعمل مزیدتیز کردیاگیاہے، آنےوالےدنوں میں ویکسی نیشن کومزیدتیزکیاجائےگا۔
پارلیمانی سیکریٹری صحت کا کہنا تھا کہ لوگ ویکسی نیشن کےلیےزیادہ سےزیادہ رجسٹریشن کرائیں، پاکستان میں ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے اور ملک کےبیشترعلاقوں میں ویکسی نیشن سینٹرموجودہیں، صرف اسلام آباد میں ہی15سےزیادہ ویکسی نیشن سینٹرموجودہیں۔
ڈاکٹرنوشین حامد نے مزید کہا کہ پاکستانی ویکسین کی ایک لاکھ20ہزارسےزائدڈوز تیارکرلی ہے جبکہ چین کی ویکسین کودنیابھرمیں استعمال کیاجارہا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں تیارکورونا ویکسین کے عام استعمال کی اجازت مل گئی ہے، پاک ویک کوروناویکسین عام استعمال کیلئے رواں ہفتے دستیاب ہوگی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین چینی ٹیم کی زیرنگرانی پاکستانی ماہرین نےتیارکی ہے اور پاکستان کوویکسین کیلئےخام مال چینی کمپنی نےفراہم کیاہے، پاک ویک ویکسین کی دوسری کھیپ پاکستانی ماہرین تیارکریں گے۔