کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کے حوالے سے پرانے اوقات کار بحال کردیے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے سرکاری ملازمین کے پرانے اوقات کار کی بحالی سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین صبح9 سے شام5بجے تک دفاتر میں حاضر رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے تحت تمام سرکاری دفاتر میں ملازمین کی50فیصد حاضری رہے گی۔
اسی طرح 50فیصد سرکاری ملازمین گھر سے بیٹھ کرکام کریں گے۔ سرکاری دفاتر میں کام کے لیے آنے والے کورونا احتیاطی تدابیر(ایس اوپیز) کا مکمل خیال رکھیں گے۔
سندھ حکومت کا کورونا پابندیوں سے متعلق بڑا فیصلہ
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں ٹاسک فورس نے موجودہ بندش کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا اگر کورونا کیسز بڑھ گئے تو مزید سختی کریں گے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ کل20ہزار 421 ریکارڈ ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 9000صرف کراچی کے تھے، 20421 ٹیسٹ کے نتائج میں 2076کیسز آئے، جو 10.2فیصد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں16.82فیصد کیسز آئے ہیں، عیدالفطر13مئی کو ہوئی، اس دن صوبے میں 1232 کیسز تھے، عید کے بعد 19مئی کو 2076کیسز آئے جو10.2فیصد ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے سندھ میں کیسزبڑھ رہے ہیں، ہمیں صوبے میں نرمی کرنا مشکل ہوتا ہوا لگ رہا ہے۔