کراچی: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ مائیکرو یا اسمارٹ لاک ڈاؤن نہیں، مکمل لاک ڈاؤن وقت کی ضرورت ہے، خدشہ ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے اگلا ہفتہ ہمارے لیے بہت مشکل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے اگلا ہفتہ ہمارے لیے بہت مشکل ہوگا۔
ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ ہماری صورتحال بھی بھارت جیسی ہوتی دکھائی دے رہی ہے، لوگوں کی نقل و حرکت کو مکمل روکنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مائیکرو یا اسمارٹ لاک ڈاؤن نہیں، مکمل لاک ڈاؤن وقت کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں پہلی بار کرونا وائرس سے یومیہ اموات کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے مزید 201 مریض جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں کووڈ 19 سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 530 ہو چکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزش[تہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 292 نئے کیسز سامنے آئے۔
ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہوچکی ہے جبکہ کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 88 ہزار 207 ہوگئی۔