اسلام آباد: کورونا سے نجات کیلئے آج رمضان کے پہلے جمعے کو توبہ واستغفار کے طور پر منایا جائے گا، اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کوروناوبا کی تیسری جان لیوا لہر کے پیش نظر صدر کی ہدایت پر رمضان کے آج پہلے جمعے کو توبہ واستغفار کے طور پر منایا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور نے کورونا سے نجات کیلئے احتیاطی تدابیرکے ساتھ خصوصی توبہ واستغفار کے اہتمام کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد میں کورونا سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
یاد رہے حکومت نے رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یوم توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مساجد و امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے ، مہلک وائرس کو وِڈ 19 کے باعث ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 110 افراد انتقال کر گئے جب کہ کورونا کے 5 ہزار 364 نئے کیسز سامنے آئے۔