ابوظہبی : ماہ رمضان کے مقدس موقع پر صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے ملک کی جیلوں سے439 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔
اس حوالے سے یو اے ای ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صدر نے رہائی پانے والے قیدیوں کے ذمہ مالی واجبات کو بھی طے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
شیخ خلیفہ کا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا جانے والا یہ اقدام رواداری اور رحمدلی کی ان اقدار کیلئے ہے جس میں ان قیدیوں کو نئے سرے سے زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنا اور ان کے اہل خانہ اور معاشرے پر اس کے مثبت اثرات سے مستفید کرنا ہے۔
شیخ خلیفہ کی جانب سے سالانہ بنیادوں پر قیدیوں کی سزاؤں میں رعایت کا اعلان ہر ماہ رمضان سے قبل کیا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں خاندانی روابط اور رشتوں کو تقویت ملے ۔
اس اقدام کا مقصد یہ بھی ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر ماؤں اور بچوں کو خوشیاں نصیب ہوں اور رہا ہونے والے قیدیوں کو اپنے مستقبل کی نئے سرے سے بہتر تعمیر کا موقع میسر آئے اور وہ ذمہ داری کے ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔