کراچی: کمشنر کراچی نے متعلقہ اداروں کو برساتی نالوں کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نوید شیخ نے ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محمود آباد، گجر نالہ اور اورنگی برساتی نالوں پر ری ماڈلنگ کے کام کی رفتار تیز کریں تاکہ برساتی نالوں کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔
کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ این ای ڈی یونی ورسٹی کے ماہرین کے بنائے ہوئے ماڈل پر پوری طر ح عمل کریں، تاکہ برساتی پانی کی نکاسی میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہوں۔
سینئر ڈائریکٹر بلدیہ عظمیٰ مظہر خان نے اجلاس کو بتایا کہ محمود آباد نالے پر ساڑھے 3 کلو میٹر نالے کی ری ڈیزائننگ کی جا رہی ہے، ایف ڈبلیو او FWO یہاں تعمیراتی کام کر رہا ہے، سڑک کے دونوں اطراف بارہ بارہ فٹ سڑک جب کہ تین تین فٹ فٹ پاتھ تعمیر کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ برساتی نالے صرف برساتی پانی کے لیے استعمال ہوں گے، اور نالوں کے اطراف سڑکیں اور فٹ پاتھ قائم ہوں گی، دونوں اطراف قائم سڑکوں اور فٹ پاتھ کے نیچے سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی۔